موسمیاتی تبدیلی کو سوشل میڈیا پر مقبول ہونا چاہئے ، عطا تارڑ
وقت آ گیا ہے موسمیاتی تبدیلی کیساتھ ساتھ ماحولیاتی انصاف پر بھی بات کی جائے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر ،نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کو سوشل میڈیا پر وائرل مواد کی طرح مقبول ہونا چاہئے ، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے جبکہ کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ محض ایک فیصد ہے ، اب وقت آ گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی انصاف پر بھی بات کی جائے ۔ پاکستان حالیہ برسوں میں تباہ کن سیلابوں کا سامنا کر چکا ہے ، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات ہر شعبے کو متاثر کر رہے ہیں، ہمارے مذہب اسلام میں بھی ماحولیات کے تحفظ پر زور اور درخت لگانے کو صدقہ جاریہ قرار دیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا ااظہاریہاں او آئی سی کامسٹیک اور وفاقی اردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنس و ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام ایک روزہ گرین جرنلزمبین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اقبال چو ، وائس چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری، پروفیسر ڈاکٹر جاوید خورشید، فلسطین کی نائب وزیر برائے کمیونیکیشن ہدیٰ الواحدی سمیت طلبہ و طالبات اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ وفاقی وزیر نے کامسٹیک سمیت دیگر منتظمین کو اس شاندار کانفرنس کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے نہ صرف موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے بلکہ گرین جرنلزم کے فروغ اور اس اہم موضوع پر شعور بیدار کرنے کے لئے عملی اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی نہ صرف ہمارے دور کا بڑا خطرہ ہے بلکہ یہ پوری انسانیت کے لئے سنگین چیلنج بن چکا ہے ۔