منشیات فروش کو 50سال قید با مشقت ،16لاکھ جرمانہ
راولپنڈی کا شعیب شاہ اسلام آ باد سے منشیات لاکر مختلف اضلاع میں فروخت کرتا
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )ایڈیشنل سیشن جج گوجرانوالہ نے 4کلو 20گرام چرس اور 2 کلو 3 گرام افیون کی برآمدگی کے مقدمہ کا فیصلہ سنا دیا ، فاضل جج طارق بشیر چودھری نے مجرم کو 50سال قید با مشقت اور 16لاکھ روپے جرمانہ کا حکم دیدیا ، غیر قانونی اسلحہ کی برآمدگی پرمجرم سید شعیب علی کو 4 سال قید کا حکم بھی سنایا گیا ۔ ایڈیشنل سیشن جج طارق بشیر چودھری کی عدالت میں تھانہ لدھے والا وڑائچ کے علاقہ میں منشیات کے سمگلر سے چرس افیون اور غیر قانونی اسلحہ کی برآمدگی کا مقدمہ زیر سماعت تھا ۔ فیصلہ کے بعد عدالت میں تعینات ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر عبدالشکور وڑائچ نے میڈیا کو بتایا کہ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مختلف دفعات کے تحت مجرم شعیب شاہ کو مجموعی طور پر54 سال قید با مشقت اور 16 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ کا حکم سنایا ہے ۔ شعیب گاڑی میں منشیات توڑوں میں پیک کر کے اسلام آباد سے براستہ گوجرانوالہ حافظ آباد جا رہا تھا ۔ مخبر کی اطلاع پر لدھے والا وڑائچ پولیس نے ناکہ بندی کی ملزم گاڑی میں عالم چوک کی طرف آیا اور ناکہ پر روکنے کے باوجود کار بھگا لے گیا تاہم تیز رفتاری کے باعث سامنے سے آنے والی گاڑی سے کار ٹکرا کر رک گئی ،ملزم سے پسٹل اور گاڑی میں رکھی 4 کلو 20گرام چرس اور 2کلو 3گرام چرس برآمد ہونے پر گرفتار کر کے 10فروری 2023کو لدھے والا وڑائچ تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نے بتایا کہ راولپنڈی کا رہائشی شعیب اسلام آباد سے منشیات لاکر حافظ آباد ، فیصل آباد اور شیخوپورہ میں فروخت کرتا تھا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments