سیلابی صورتحال پر تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ
چناب کا سیلابی ریلہ ہیڈ تریموں کی طرف بڑھ رہا، ادارے جھنگ،چنیوٹ کے دریائی علاقوں میںصورتحال سے نمٹنے کیلئے متحرک:کمشنر
فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )پنجاب میں مون سون بارشوں اور بالائی علاقوں سے آنیوالے پانی کے باعث فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سیلابی صورتحال پر ڈویژنل و ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے محکمہ آبپاشی، ریسکیو 1122، پولیس ، سول ڈیفنس ودیگرتمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیاہے ۔ ذرائع کے مطابق چنیوٹ کے مقام 1 لاکھ 70 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔ دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
محکمہ آبپاشی و پی ڈی ایم اے کی مانیٹرنگ رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ہیڈ مرالہ پر 81 ہزار 343 کیوسک پانی کی آمد ، 53 ہزار 870 کیوسک اخراج ، ہیڈ خانکی پر 46 ہزار 772 کیوسک پانی کی آمد،39 ہزار 327 کیوسک اخراج ، ہیڈ قادرآباد پر 60 ہزار 355 کیوسک پانی کی آمد،40 ہزار 830 کیوسک اخراج جبکہ تریمو ں بیراج ضلع جھنگ پر 32 ہزار 384 کیوسک پانی کی آمد اور 16 ہزار 784 کیوسک اخراج ریکارڈ کیا گیا۔ آج ہیڈ تریموں میں پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک تک پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق گزشتہ روز ہیڈ مرالہ پر نچلے جبکہ ہیڈ خانکی، ہیڈ قادرآباد اور چنیوٹ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا اور ہیڈ تریموں پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
آئندہ چند گھنٹے میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے ۔ دریائے چناب کا سیلابی ریلہ مرالہ سے خانکی،قادرآباد اور چنیوٹ کے راستے تریموں بیراج کی طرف بڑھ رہا ہے جسکی وجہ سے جھنگ اور چنیوٹ کے دریائی اور کچے کے علاقوں پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے ۔کمشنر عمران حامد شیخ کا کہنا ہے کہ حفاظتی بندوں کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے ،ریسکیو ٹیموں کو کشتیاں مشینری و دیگر امدادی سامان کے ساتھ الرٹ رکھا گیا ہے ، تمام ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متحرک ہیں۔ ضلعی انتظامیہ دریائی گزرگاہوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے ،ڈرون سرویلنس جاری ہے ، فلڈ ریلیف کیمپس لگا دئیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments