ملک بھر میں بارشیں، چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے مزید 19 افراد جاں بحق
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان بھر میں جاری بارشوں کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 19 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 26 جون سے اب تک مجموعی طور پر 97 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
لاہور گڑھی شاہو میں گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور بیٹی جاں بحق، جبکہ ایک بیٹی زخمی ہوگئی، گجرات میں چھت گرنے سے 3 بہن بھائی دم توڑ گئے، جن میں 15 سالہ علی، 14 سالہ ایمان اور 13 سالہ فلک شیر شامل ہیں۔
قصور میں چھت گرنے سے 7 سالہ بچے سمیت 2 افراد چل بسے، حجرہ شاہ مقیم میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہو گئے، ہنگو درسمند میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 2 بچے دم توڑ گئے اور 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
قصور راجہ جنگ میں بارش کے باعث جمع پانی میں ڈوب کر 2 بچے جان کی بازی ہار گئے، جاں بحق بچوں کی 10 سالہ سعد اور 11 سالہ احسان کے ناموں سے شناخت ہوئی ہے۔
بہاولنگر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص چل بسا، اوکاڑہ میں بھی بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے کے باعث 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا، ڈسکہ میں بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے 5 بچوں کا باپ دم توڑ گیا۔
شیخوپورہ میں مسافر بس پر بجلی کے تار گر گئی جس سے بس کنڈیکٹر جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے، عمر کوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچہ چل بسا، تھرپارکر میں ایک شخص پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments