اویس لغاری سے ہسپانوی سفیر کی ملاقات ،دو طرفہ تعاون پرتبادلہ خیال
جدید میٹرنگ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود، وزیر توانائی
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری سے پاکستان میں سپین کے سفیر کارلوس آراگون کی قیادت میں اعلیٰ سطح ہسپانوی وفد نے ملاقات کی جس میں توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات، سرمایہ کاری کے جدید مواقع اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ہسپانوی سفیر نے مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے قیامِ کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی تعریف کی ۔وفاقی وزیر نے کہا حکومت نے گزشتہ دو برسوں کے دوران توانائی کے ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں، نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلے میں تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ، ٹرانسمیشن نظام، گرڈ ڈیجیٹائزیشن، بیٹری انرجی سٹورج سسٹم اور جدید میٹرنگ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجودہیں ، ملک بھر میں تقریباً 16 ملین بجلی کے میٹروں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے جو مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ایک بہترین موقع ہے ۔ سفیر کارلوس آراگون نے کہا ہسپانوی کمپنیوں کی مہارت پاکستان کے ٹرانسمیشن اور میٹرنگ نظام کی جدیدکاری کے عمل میں مفید ثابت ہو سکتی ہے ۔ فریقین نے انفراسٹرکچر کی بہتری اور ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع کو حقیقت میں بدلنے کے لیے مسلسل رابطے میں رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔