پٹرولیم قیمتوں ، کسان دشمن پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے :پیپلز پارٹی

پٹرولیم قیمتوں ، کسان دشمن پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے :پیپلز پارٹی

ملکی پیداوار میں اضافے کے لیے کسان دوست پالیسیاں اختیار کرنی چاہئیں : رہنما

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پیپلز پارٹی فیصل آباد ڈویژن کے رہنماؤں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوام اور کسان دشمن پالیسیوں سے گریز کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ اضافے کا سلسلہ بند کرے اور زرعی شعبے کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کرے ۔ فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی فیصل آباد ڈویژن کے صدر پیر سید عنایت علی شاہ، نائب صدر سنٹرل پنجاب چودھری محمد ارشد جٹ، ڈسٹرکٹ صدر محمد اعجاز چوہدری، سٹی صدر رانا نعیم دستگیر خان اور جنرل سیکرٹری میاں اشفاق حسین نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہا ہے اور مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔مقررین نے کہا کہ حکومت نے گندم کی برآمد کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا ہے جب مقامی کسان پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کسانوں کی مالی معاونت، زرعی شعبے کی ترقی اور ملکی پیداوار میں اضافے کے لیے کسان دوست پالیسیاں اختیار کرنی چاہئیں تاکہ پاکستان زرعی اجناس میں خودکفالت حاصل کر سکے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کے وسیع تر مفاد میں حکومت سازی میں مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا تھا، تاہم عوامی مسائل کے حل اور معاشی استحکام پر توجہ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے وفاقی وزرا پر زور دیا کہ سیاسی بیانات میں احتیاط برتیں اور عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...