میپکو صارفین کی شکایات فوری دور کی جائیں ،عظمت علی

میپکو صارفین کی شکایات فوری دور کی جائیں ،عظمت علی

نئے بجلی کنکشنز، بلوں کی درستی ، نیٹ میٹرنگ کے معاملات جلد نمٹائے جائیں

ملتان (خصوصی رپورٹر)ایڈیشنل چیف انجینئر آپریشن میپکو وہاڑی سرکل عظمت علی خان نے کسٹمر فسیلیٹیشن سنٹر (سی ایف سی) کا دورہ کرکے صارفین کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سروس ڈیلیوری کے معیار اور شکایات کے ازالے کے نظام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں مختلف آپریشنل سرگرمیوں اور صارفین کو فراہم کی جانے والی خدمات پر بریفنگ دی۔انہوں نے سی ایف سی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے نئے بجلی کنکشنز، بلوں کی تصحیح، میٹر سے متعلق معاملات، نیٹ میٹرنگ، شکایات کے اندراج، آن لائن سروسز اور ای۔آپریشنز پورٹل سمیت ڈیجیٹل سہولیات کا جائزہ لیا۔ عظمت علی خان نے موجود صارفین سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے اور افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو فوری، شفاف اور باوقار انداز میں خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ میپکو صارفین کو جدید، معیاری اور آسان سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور کسٹمر فسیلیٹیشن سنٹرز کا قیام اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت داد رسی، شکایات کا فوری ازالہ اور شفاف نظامِ کار ہی عوامی اعتماد میں اضافے کا باعث بنتا ہے ۔ایڈیشنل چیف انجینئر نے عملے کو ہدایت کی کہ ہر صارف کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے ، کسی کو غیر ضروری انتظار کا سامنا نہ کرنا پڑے اور تمام درخواستیں مقررہ وقت میں نمٹائی جائیں۔ انہوں نے آن لائن سہولیات، ڈیجیٹل ادائیگی کے ذرائع سے متعلق آگاہی بڑھانے، صفائی، نظم و ضبط، ریکارڈ کی درستگی اور زیر التوا درخواستوں کی فوری تکمیل پر بھی زور دیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...