آزاد کشمیر الیکشن: کوٹلی میں 2 پریزائیڈنگ افسران معطل، گرفتار کر لیا گیا
کوٹلی: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے فیز میں الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے مبینہ دھاندلی کے الزامات سامنے آنے پر 2 پریزائیڈنگ افسران کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے انہیں معطل کر دیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق 2 پریزائیڈنگ افسران پولنگ سٹیشن کے بجائے نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے، جس پر ریٹرننگ افسر نے پولنگ بیگز فوری تحویل میں لے لیے، ان کی جگہ نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کر کے، انہیں پولنگ سٹیشنز کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار پریزائیڈنگ افسران کیخلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی جاری ہے، انتخابی عمل میں غفلت یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی، شفاف، غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدام جاری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 10 کوٹلی میں انتخاب روکنے اور وزیراعظم آزاد کشمیر اور چیف الیکشن کمشنر سے انکوائری کا مطالبہ کیا تھا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ثقلین اور قیصر پٹواری سے مبینہ دھاندلی پر تفتیش کی جائے، اور انکوائری مکمل ہونے اس تک انتخابی حلقے میں انتخاب روکا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments