کیپٹن محمد سرور شہید کا 78واں یوم شہادت، مسلح افواج کے سربراہان کا خراج عقیدت
راولپنڈی: (دنیا نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت پاکستان کی مسلح افواج نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشان حیدر) کے 78ویں یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 جولائی 1948ء کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران آزاد کشمیر کے علاقے تل پترا میں کیپٹن محمد سرور شہید نے کشمیر کی آزادی کیلئے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا اور پاکستان کے پہلے نشان حیدر حاصل کرنے والے عظیم سپوت بنے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید نے اپنے جوانوں کی قیادت اگلے مورچوں سے کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری، شاندار عسکری حکمت عملی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی لازوال قربانی جرات، استقامت اور وطن سے بے لوث وابستگی کی ہمیشہ زندہ رہنے والی علامت ہے، پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ان کی عظیم میراث کو انتہائی احترام اور عقیدت کے ساتھ سلام پیش کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments