پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر پرویز بٹ انتقال کر گئے
اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر پرویز بٹ 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، ان کی وفات پر سائنسی، دفاعی اور قومی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر پرویز بٹ پاکستان کے جوہری اور اسٹریٹجک پروگرام کے بانی ارکان میں شمار ہوتے تھے۔
انہوں نے 1963 میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن میں شمولیت اختیار کی اور 43 برس سے زائد عرصے تک ملک کے جوہری پروگرام کی ترقی اور استحکام کے لیے خدمات انجام دیں۔
وہ 2001 سے 2006 تک پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین رہے، ان کی قیادت میں پاکستان کے جوہری سائنس و ٹیکنالوجی پروگرام کو مزید وسعت ملی جب کہ نیوکلیئر پاور، ایندھن کے سائیکل اور اسٹریٹجک صلاحیتوں کے فروغ میں بھی انہوں نے نمایاں کردار ادا کیا۔
ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ڈاکٹر پرویز بٹ قومی اہمیت کے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیتے رہے، وہ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی سیکریٹری، پلاننگ کمیشن میں جوہری توانائی کے مشیر اور وفات تک نیشنل کمانڈ اتھارٹی اور اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے مشیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments