اداروں کی غفلت ، تتلے عالی میں نکاسی آب ناممکن
گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کی تعمیر کے وقت نکاسی آ ب کیلئے اقدامات نہیں کئے گئے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول فار بوائز کی بنیادوں میں پانی داخل ، حادثے کا خدشہ
تتلے عالی(نامہ نگا ر) گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کی تعمیرکے دوران سرکاری اداروں کی مبینہ غفلت سے تتلے عالی میں نکاسی آب ناممکن ہوگیا،نالہ تعمیر کرنے کا مطالبہ۔ گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کی تعمیر کے وقت پنجاب ہائی وے نے تتلے عالی میں کوئی سیوریج پائپ لائن تعمیر نہیں کی بلکہ سیوریج پائپ لائن کو سڑک لیول تک اپ گریڈ کیا ہے جو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی زیر نگرانی مکمل ہوا جس کے باعث گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول فار بوائز جس میں ہزاروں طلبہ زیر تعلیم ہیں سیوریج نالہ کی سہولت میسر نہ ہونے کی وجہ سے تقریباً40سال سے سیوریج ،روز مرہ استعمال کا پانی اور خاص طور پر برساتی پانی بلڈنگ کی بنیا دوں میں شامل ہو رہا ہے جوکسی وقت بڑے حادثے کا باعث بن سکتا ہے ۔افسوس اس بات کا ہے کہ سکول پرنسپل ،محکمہ تعلیم کے افسر ان بالا تک تمام نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے بلکہ ویٹرنری ہسپتال، بی ایچ یو، ریسکیو1122 کی عمارتوں کیلئے بھی نکاسی آب کا کوئی بندو بست نہیں کیا گیا ۔ملت ویلفیئر فاؤنڈیشن کے صدر رانا علی حسن نے بتا یا کہ مزکورہ سرکاری عمارتوں کے قریب نالہ کی تعمیر سے نکاسی آب کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے جس کیلئے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کی جانب سے احکامات بھی جاری ہوئے ہیں لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا ۔