گھر سے خاتون کی لاش برآ مد،2بچیوں کو لوگوں نے نکالا

گھر سے خاتون کی لاش برآ مد،2بچیوں کو لوگوں نے نکالا

جھنگی کی رہائشی ثنا کا خاوند بیرون ملک مقیم ،موت نشہ کی زیادتی سے ہوئی پو سٹمارٹم سے موت کی وجہ سامنے آئیگی :پو لیس، دونوں بچیاں ہسپتال منتقل

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)تھانہ فیروزوالہ کے علاقے جھنگی میں گھر سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی جبکہ اہل علاقہ نے گھر میں موجود 2بچیوں کو دروازہ توڑ کر نکالا ۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ جھنگی کی رہائشی ثنا کا گھر اندر سے لاک تھا کہ اسی دوران وہ جاں بحق ہو گئی، ایک روز گزر جانے کے بعد جب گھر کا دروازہ نہ کھلا تو محلے داروں کو تشویش لاحق ہوئی،گھر کے پاس پہنچے تو بچوں کے رونے کی آوازیں آ رہی تھیں جس پر اہل علاقہ دروازہ تو ڑ کر داخل ہوئے تو ثنا کی لاش صحن میں پڑی تھی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ متوفیہ کا شوہر بیرونِ ملک مقیم ہے جبکہ خاتون مذکورہ مکان میں کرائے پر رہائش پذیر تھی۔ ثنا کی شادی تقریباً آٹھ سال قبل ہوئی تھی اور وہ مبینہ طور پر منشیات کی عادی تھی۔گھر سے دو بچیاں بھی زخمی حالت میں ملیں جنہیں ریسکیو 1122نے فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خاتون کی موت نشے کی زیادتی کے باعث ہوئی تاہم موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک شواہد کی روشنی میں سامنے آئے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں