راولپنڈی ،گرجا گھروں کی سکیورٹی کیلئے جامع و موثر انتظامات
اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ اور ان کی مذہبی آزادی کو یقینی بنانا ترجیح ،سی پی او
راولپنڈی (اے پی پی) راولپنڈی پولیس نے ضلع بھر کے گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے جامع اور موثر انتظامات کیے ہیں جبکہ سینئر پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق عبادت کے لیے آنے والے افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے گرجا گھروں میں مکمل باڈی سرچنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے ، سی پی او کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ اور ان کی مذہبی آزادی کو یقینی بنانا راولپنڈی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور اقلیتی برادری کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ سکیورٹی انتظامات کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے تاکہ شہری بلاخوف و خطر اپنی مذہبی عبادات انجام دے سکیں۔