واٹر کارپوریشن کا 54ارب سے زائد کابجٹ منظور
بجٹ کا بڑا حصہ بنیادی واٹر سپلائی نیٹ ورک کی بہتری کیلئے مختص سخت ترین بجٹ مانیٹرنگ سے واجبات میں تاریخی کمی آئی ،بورڈاجلاس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا آئندہ مالی سال کیلیے 54ارب 38 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کرلیا گیا ۔ منظور کردہ 54.38 ارب روپے کے بجٹ کا ایک بڑا حصہ کراچی کے بنیادی واٹر سپلائی نیٹ ورک کی بہتری، مخدوش سیوریج لائنوں کی ہنگامی بحالی اور شہر بھر میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مختص کیا گیا ہے ۔ بورڈ اجلاس میں بتایا گیا کہ واٹر کارپوریشن ایک جدید اور فعال ڈیجیٹل ادارے میں تبدیل ہو رہا ہے ۔ سخت ترین بجٹ مانیٹرنگ اور شفاف حکمتِ عملی کی بدولت واٹر کارپوریشن پر واجبات میں اربوں روپے کی تاریخی کمی آئی ہے ۔سخت بجٹ کنٹرول کے باعث ملازمین کے واجبات 4.8 ارب روپے سے کم ہو کر صرف 2.5 ارب روپے رہ گئے ہیں۔ماہانہ فنڈز ریلیز کی پالیسی سے کنٹریکٹرز کے واجبات 4.5 ارب روپے سے کم ہو کر 3 ارب روپے پر آگئے ہیں۔ انویسٹمنٹ کمیٹی نے ایچ بی ایل اے ایم ایل میں 2 ارب روپے کا فکسڈ کراچی واٹر کارپوریشن اینڈ سیوریج فنڈ قائم کر دیا ہے ، جس سے ملازمین کے واجبات ادا کیے جائیں گے ۔ اس کے ساتھ ہی واٹر کارپوریشن کے فنانشل ریگولیشنز، فنڈ رولز اور اس کا مینوئل تیار کر کے منظور کروا لیا گیا ہے ۔ آمدنی کو بڑھانے اور شفاف بنانے کے لیے ڈیجیٹل بینکنگ میکانزم لاگو کر دیا گیا ہے ،جس سے دن کے اختتام پر تمام بینک اسٹیٹمنٹس موصول ہو جاتی ہیں۔