مہنگے پیکیجز کے باوجود صارفین کال‘ انٹرنیٹ سروس سے محروم

مہنگے پیکیجز کے باوجود صارفین کال‘ انٹرنیٹ سروس سے محروم

سمبڑیال اور گردونواح میں لوڈشیڈنگ کے دوران موبائل نیٹ ورکس کی سروس متاثر

سمبڑیال (سٹی رپورٹر)مہنگے موبائل پیکیجز کی ادائیگی کے باوجود صارفین کو معیاری کال اور انٹرنیٹ سروس میسر نہ آ سکی۔سمبڑیال اور گردو نواح میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے دوران مختلف موبائل نیٹ ورکس کی سروس شدید متاثر ہونے لگی جسکے باعث کالز کا بار بار منقطع ہونا، آواز کا ٹوٹنا، انٹرنیٹ کی انتہائی سست رفتار اور کئی مقامات پر کال نہ ملنا روز کا معمول بن گیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موبائل کمپنیاں ہر چند ماہ بعد کال اور انٹرنیٹ پیکیجز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیتی ہیں، مگر اسکے برعکس صارفین کو معیاری اور بلا تعطل سروس فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ بجلی بند ہوتے ہی بیشتر علاقوں میں موبائل ٹاورز کی کارکردگی متاثر ہو جاتی ہے جس سے نا صرف رابطے منقطع ہو جاتے ہیں بلکہ آن لائن کاروبار، بینکنگ، تعلیمی سرگرمیوں اور دفتری امور بھی شدید متاثر ہوتے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ موبائل کمپنیوں اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ موبائل ٹاورز کی بیک اپ پاور کو مؤثر بنایا جائے ۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نیٹ ورک کو اپ گریڈ کیا جائے اور صارفین کو مہنگے پیکیجز کے مطابق معیاری، تیز رفتار اور بلا تعطل کال و انٹرنیٹ سروس فراہم کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں