ریسکیو 1122کی جانب سے میت منتقلی سروس کا آغاز
سرکاری ہسپتالوں سے میت کی منتقلی بلا معاوضہ، باوقار انداز میں کی جائیگی
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 گوجرانوالہ نے میت منتقلی سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ،اس سروس کے ذریعے سرکاری ہسپتالوں سے میت کی منتقلی مکمل طور پر بلا معاوضہ، باوقار اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دی جائے گی تاکہ غمزدہ خاندانوں کو مشکل ترین وقت میں فوری اور بااعتماد سہولت میسر آ سکے ۔افتتاحی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس گوجرانوالہ میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر نوید احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)ذیشان ندیم، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاں رفعت ضیا ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عمر شریف راٹھور،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال اور گوجرانوالہ میڈیکل کالج وٹیچنگ ہسپتال سمیت ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کے متعلقہ افسر وں نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاں رفعت ضیا نے میت منتقلی سروس کے اغراض و مقاصد، طریقہ کار اور عوامی افادیت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق عوام کو جدید، معیاری، بروقت اور باوقار سہولیات کی فراہمی کیلئے فلاحی سروس کا آغاز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا تربیت یافتہ عملہ مرحومین کی منتقلی مکمل عزت و احترام، اسلامی اقدار اور پیشہ ورانہ تقاضوں کے مطابق مقررہ مقام تک یقینی بنائے گا جبکہ اس سہولت کے حصول کیلئے شہریوں سے کسی قسم کا معاوضہ وصول نہیں کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments