سیوریج بحران شدید ہو گیا، شہریوں کو مشکلات

سیوریج بحران شدید ہو گیا، شہریوں کو مشکلات

مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں کی بندش، ٹوٹ پھوٹ اور نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث گندا پانی گلی محلوں میں جمع ،تعفن اور مچھروں کی بہتات

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے ) فیصل آباد میں واسا اور ضلعی انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث شہر کے متعدد علاقے سیوریج کے مسائل کا شکار ہیں، جہاں شہری گندے پانی، تعفن اور ناقص نکاسی آب کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے \\\"ستھرا پنجاب\\\" پروگرام کے باوجود بنیادی مسائل حل نہیں ہو سکے ۔شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں کی بندش، ٹوٹ پھوٹ اور نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث گندا پانی گلیوں اور محلوں میں جمع ہے ۔ کئی علاقوں میں رہائشی کئی روز سے کھڑے گندے پانی، تعفن اور مچھروں کی بہتات سے پریشان ہیں، جبکہ ان کا کہنا ہے کہ متعدد شکایات کے باوجود واسا کی جانب سے مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔تحصیل سٹی کے علاقے میاں پنڈ بسم اللہ پارک میں چند روز قبل ایک کمسن بچی کی تدفین کے لیے اہل خانہ کو میت گلیوں میں جمع سیوریج کے پانی سے گزار کر لے جانا پڑا، جسے شہریوں نے انتظامی غفلت کی افسوسناک مثال قرار دیا ہے ۔

متاثرہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ گندے پانی سے اٹھنے والی بدبو نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے ہیں، جبکہ بچے ، خواتین اور بزرگ روزانہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق کھڑے پانی کے باعث ڈینگی، ملیریا اور دیگر وبائی امراض پھیلنے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور واسا کی ترجیحات پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب گلیاں سیوریج کے پانی سے بھری ہوں اور بنیادی سہولتیں میسر نہ ہوں تو ایسے حالات میں بیوٹیفکیشن منصوبوں پر وسائل خرچ کرنا عوامی مسائل سے چشم پوشی کے مترادف ہے ۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا کہ شہر میں سیوریج کے مسائل کے مستقل حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، نکاسی آب کے نظام کی بحالی کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے جائیں اور مسلسل شکایات کے باوجود مسائل حل نہ کرنے والے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے ۔دوسری جانب، اس معاملے پر واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر ثاقب رضا سے رابطہ کیا گیا، تاہم خبر کی اشاعت تک ان کا مؤقف موصول نہیں ہو سکا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...