میونسپل کارپوریشن میں مالی بے ضابطگیوں پر بڑا ایکشن، 3 ملازمین نوکری سے برخاست

میونسپل کارپوریشن میں مالی بے ضابطگیوں پر بڑا ایکشن، 3 ملازمین نوکری سے برخاست

روزنامہ دنیا نے 13 اپریل 2026 کو مدینہ ٹاؤن کے سہولت بازار کی خبر شائع کی ،عظمیٰ جبیں پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرائی ،ارشاد حسین، نیاز حسین اور عرفان اقبال کو نکالا گیا،ٹھیکیدار کو رقم جمع کرانے کا حکم

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)میونسپل کارپوریشن فیصل آباد میں مبینہ کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کے کیس میں محکمانہ کارروائی مکمل ہونے کے بعد تین ملازمین کو ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔روزنامہ دنیا نے 13 اپریل 2026 کو مدینہ ٹاؤن کے سہولت بازار فیضانِ مدینہ میں مبینہ کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں سے متعلق خبر شائع کی تھی۔ بعد ازاں عظمیٰ جبیں نے اسی معاملے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرائی، اس پر پنجاب اسمبلی نے کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سے رپورٹ طلب کی۔کمشنر مسرت جبیں کے احکامات پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی نے انکوائری مکمل ہونے کے بعد جونیئر کلرک و انفورسمنٹ انسپکٹر ارشاد حسین، جونیئر کلرک و رینٹ انسپکٹر نیاز حسین اور جونیئر کلرک و رینٹ انسپکٹر عرفان اقبال کو پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی ایکٹ 2006 (PEDA Act) کے تحت ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کر دیے ۔ حکم نامے کے مطابق ملازمین پر سہولت بازار فیضانِ مدینہ کے بقایا کرایہ اور دیگر واجبات کی بروقت وصولی میں ناکامی، غیر قانونی وصولیوں کی روک تھام نہ کرنے ، سرکاری ریونیو کے تحفظ میں غفلت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات ثابت ہوئے ، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو ایک کروڑ 58 لاکھ 27 ہزار 438 روپے کا مالی نقصان پہنچا۔ذرائع کے مطابق متعلقہ ٹھیکیدار کو واجب الادا رقم کی ادائیگی کے احکامات بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...