کمشنر کا ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ ، سہولیات بہتر کرنیکی ہدایت
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری چیک کی اور مریضوں سے براہ راست ملاقات کر کے انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، ادویات کے سٹاک، طبی آلات کی فعالیت، مریضوں کی سہولت، واش رومز، انتظار گاہوں اور مجموعی انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا ۔اور ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ کمشنر نے واسا کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں جاری سیورج پراجیکٹ کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہولی فیملی ہسپتال میں کے پی،کشمیر و دیگر علاقوں سے آنے والے مریضوں کی وجہ سے پیشنٹ لوڈ بہت زیادہ ہے اس لئے اس ہسپتال کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ دریں اثنا کمشنر نے سی ای او علی عمران، اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور متعلقہ افسران کے ہمراہ کمرشل مارکیٹ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments