ڈی سی کا چناب کے علاقوں کا دورہ ، ممکنہ سیلاب پر انتظامی جائزہ
تحصیل کوٹ مومن کا بھی دورہ ،سٹی بیوٹیفکیشن کے تحت جاری منصوبوں کا معائنہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے دریائے چناب کے کنارے علاقوں کا دورہ کیا اور ممکنہ سیلابی صورتحال پرانتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے لکسیاں میں قائم مرکزی فلڈ ریلیف کیمپ سائٹ اور طالب والا کے مقام پر دریائے چناب کے حفاظتی بند کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹمومن محسن ڈھلوں اور محکمہ انہار سمیت متعلقہ محکموں کے افسر بھی ہمراہ تھے ۔ متعلقہ افسروں نے حفاظتی اقدامات، ریلیف کیمپوں کی تیاری اور پری فلڈ پلان پربریفنگ دی۔ محکمہ انہار کی ٹیم نے حفاظتی بندوں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ دریائے چناب کے حفاظتی بندوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے ہمہ وقت تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے سپر فلڈ کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام پری فلڈ انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی ممکن ہو۔ ڈپٹی کمشنرحسین احمد رضا چوہدری نے تحصیل کوٹ مومن کا بھی دورہ کیا اور سٹی بیوٹیفکیشن کے تحت جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے منصوبوں کا معائنہ کیا۔ کوٹ مومن انٹرچینج کے داخلی اور خارجی راستوں پر جاری بیوٹیفکیشن کے کام کے جائزہ پرمتعلقہ افسروں نے بریفنگ دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اور خوبصورتی کے منصوبے اعلیٰ معیار کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ انہوں نے زیرِ تعمیر وکٹری وال اور وال آف کوٹمومن کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی معیار، ڈیزائن اور رفتارِ کار کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے پیرا آفس کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن محسن ڈھلوں نے جاری منصوبوں اور انتظامی امور پر بریفنگ دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments