عارضی ٹرانسفارمر ٹرالیاں شہریوں کیلئے خطرہ

عارضی ٹرانسفارمر ٹرالیاں شہریوں کیلئے خطرہ

عارضی طور پر لگائی جانے والی یہ ٹرالیاں چند روز کے بجائے کئی کئی ماہ تک اپنی جگہ برقرار رہتی ہیں ، حادثات کے خدشات بڑھ گئے ، کرنٹ لگنے کے خدشات

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے ) فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں فیسکو کی جانب سے نصب کی گئی عارضی ٹرانسفارمر ٹرالیاں شہریوں، خصوصاً بچوں، کے لیے خطرناک ثابت ہو رہی ہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ خراب ٹرانسفارمرز کی جگہ عارضی طور پر لگائی جانے والی یہ ٹرالیاں چند روز کے بجائے کئی کئی ماہ تک اپنی جگہ برقرار رہتی ہیں، جس سے حادثات کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق شہر کے مختلف رہائشی علاقوں اور تنگ گلیوں میں کھڑی ان ٹرالیوں پر نصب ٹرانسفارمرز اور 11 ہزار وولٹ کی ہائی ٹینشن لائنیں مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہیں۔ کم اونچائی اور کھلی تنصیبات کے باعث شہری، خصوصاً بچے ، حادثاتی طور پر ان کے قریب پہنچ سکتے ہیں، جبکہ مون سون کے موسم میں کرنٹ لگنے کے خدشات مزید بڑھ جاتے ہیں۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ عارضی ٹرالیاں نہ صرف آمدورفت میں رکاوٹ بنتی ہیں بلکہ تنگ گلیوں میں ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی گاڑیوں کی نقل و حرکت بھی متاثر ہوتی ہے ۔

ان کے مطابق متعدد بار شکایات کے باوجود مستقل ٹرانسفارمرز کی تنصیب یا عارضی ٹرالیوں کو ہٹانے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے ۔ماہرین کے مطابق 11 ہزار وولٹ کی برقی تنصیبات کے قریب حفاظتی انتظامات میں معمولی غفلت بھی سنگین حادثات اور انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے ۔شہریوں نے چیف ایگزیکٹو فیسکو، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں نصب عارضی ٹرانسفارمر ٹرالیوں کا فوری جائزہ لیا جائے ، انہیں جلد از جلد ہٹا کر مستقل ٹرانسفارمرز نصب کیے جائیں اور مناسب حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...