بارشیں، میپکو کا ہنگامی پلان جاری ،انتظامات مکمل

بارشیں، میپکو کا ہنگامی پلان جاری ،انتظامات مکمل

فیلڈ افسر متحرک، فلڈ مانیٹرنگ سیلز قائم، بجلی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت

ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے این ڈی ایم اے کی مون سون ایڈوائزری کے پیش نظر کمپنی کے تمام آپریشنل، گرڈ، جی ایس او اور جی ایس ای شعبوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی انتظامات مکمل کئے جائیں اور بجلی کی فراہمی بلا تعطل برقرار رکھنے کے لئے تمام فیلڈ عملہ ہمہ وقت تیار رہے ۔میپکو ہیڈکوارٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ گرڈ اسٹیشنز، فیڈرز، ٹرانسفارمرز اور ترسیلی لائنوں کی مسلسل نگرانی کی جائے ، حساس مقامات کی نشاندہی کرکے حفاظتی اقدامات مکمل کئے جائیں، جبکہ ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں، ضروری آلات، گاڑیاں اور اضافی افرادی قوت ہر وقت دستیاب رکھی جائے ۔انہوں نے تمام افسر و اہلکاروں کو سیفٹی ایس او پیز، حفاظتی سامان اور ‘‘پرمٹ ٹو ورک’’ کے ضوابط پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی اور اعلیٰ حکام کو بروقت آگاہ کیا جائے تاکہ بجلی کی بحالی کم سے کم وقت میں ممکن بنائی جا سکے ۔میپکو نے مون سون 2026ء کے لئے ‘‘مون سون/فلڈ کنٹی جنسی اینڈ پریپیئرڈنیس پلان’’ بھی جاری کر دیا ہے ، جس کے تحت ہیڈکوارٹر اور تمام سرکلوں میں 24 گھنٹے فعال فلڈ مانیٹرنگ سیلز قائم کر دیئے گئے ہیں۔سی ای او نے صارفین کو بھی ہدایت کی کہ بارش یا سیلاب کے دوران بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز، اوورہیڈ لائنوں اور گری ہوئی تاروں سے دور رہیں اور کسی بھی خطرناک صورتحال کی فوری اطلاع میپکو کو دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...