عوامی مسائل میں غفلت برداشت نہیں، کمشنر مسرت جبیں
کمشنر نے اپنے دفتر میں شہریوں سے ملاقات کی،ان کے مسائل سنے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے عوامی مسائل سے روگردانی کرنے والے سرکاری افسران کو سختی سے متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں رکاوٹ ڈالنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت کمشنر نے اپنے دفتر میں شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے ۔مسرت جبیں نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ان کے دفتر کے دروازے ہر شہری کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے ڈویژنل اور ضلعی محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ دفاتر آنے والے سائلین کے مسائل خندہ پیشانی سے سنیں، میرٹ پر ان کا فوری حل یقینی بنائیں اور درخواست گزاروں کو غیر ضروری طور پر دفاتر کے چکر لگوانے کی روش ترک کریں۔اس موقع پر بعض شہریوں نے سیوریج، پینے کے پانی، پارکوں میں تفریحی سہولیات، ریونیو معاملات اور تجاوزات سے متعلق درخواستیں پیش کیں، جن پر کمشنر نے متعلقہ افسران سے فوری فون پر رابطہ کرکے مسائل کے حل اور تعمیلی رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments