پاکستان کا سپین کے ساتھ زرعی تعاون بڑھانے کا عزم
وفاقی وزیر راناتنویر سے سپین کے سفیر کی ملاقات ،دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر سے پاکستان میں سپین کے سفیر کارلوس آراگون گل دے لا سرنا نے ملاقات کی، زراعت، غذائی تحفظ، تجارت اور کثیرالجہتی تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی ہوئی۔ فریقین نے زرعی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے اور باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ہسپانوی سفیر نے پاکستان کو انٹرنیشنل اولیو کونسل کی مکمل رکنیت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور عالمی زیتون کے شعبے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے حکومتِ سپین، بالخصوص اسپین کے وزیر زراعت، کا پاکستان کی آئی او سی کی مکمل رکنیت کے حصول میں بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اسپین کی قیمتی معاونت نے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا ہے ۔ہسپانوی سفیر نے سپین میں مقیم تقریباً ڈیڑھ لاکھ پاکستانیوں کی مثبت خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط اور تجارتی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments