چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی لائیو ای کچہری ، فون پر مسائل سنے
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے آفیشل فیس بک پیج کے ذریعے لائیو ای کچہری کا انعقاد کیا، جس میں ملک بھر سے خواتین مستحقین نے فون کالز کے ذریعے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
اپنے پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ مستحق خواتین کی سہولت، شفافیت اور آسانی کے لیے ڈیجیٹل والٹ کا نیا نظام متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کا مقصد خواتین کو لمبی قطاروں، غیر ضروری رش اور انتظار کی زحمت سے بچاتے ہوئے ادائیگی کے عمل کو مزید محفوظ، آسان اور باوقار بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر نئے نظام کی طرح ابتدائی مرحلے میں کچھ مشکلات پیش آ سکتی ہیں، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ نظام مزید مؤثر اور سہل ہو جائے گا۔ آئندہ ادائیگیوں میں خواتین اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی مجاز بینک ریٹیلر شاپ سے اپنی رقم وصول کر سکیں گی۔ انہوں نے خواتین کو ہدایت کی کہ جن مستحقین نے ابھی تک بی آئی ایس پی دفتر سے اپنی مفت بینظیر سم حاصل نہیں کی، یا کسی اور ذریعے سے سم لی ہے ، وہ لازماً اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے جاری کردہ بینظیر سم حاصل کریں، کیونکہ بینظیر کفالت پروگرام کی رقم صرف اسی سم سے منسلک ڈیجیٹل والٹ میں منتقل کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments