مہاجر نشستوں کا خاتمہ کشمیر کے مفاد میں نہیں :سردار غیاث
مہاجرین کے حقوق اور فلاح کیلئے میدان میں اترا ہوں :امید وار ایل اے 35
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر )آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 35 جموں 2 سے آزاد امیدوار سردار محمد غیاث خاں نے کہا ہے کہ وہ مہاجرین جموں و کشمیر کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کیلئے انتخابی میدان میں اترے ہیں عوام کی بھرپور حمایت سے انتخابی پوزیشن روز بروز مضبوط ہو رہی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نوشہرہ ورکاں میں پریس کلب کے صدر راشد چو دھری ودیگر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)اور استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کے مقابلے میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں مذکورہ تینوں جماعتیں حکومت میں اتحادی ہیں اور سیاسی حکمت عملی کے تحت ایک دوسرے کے مقابلے میں انتخاب لڑ رہی ہیں جبکہ ان کا اتحاد ذاتی مفادات پر مبنی ہے ۔ سردار محمد غیاث نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ ان کے خاندان کے دیرینہ، مضبوط اور لازوال سماجی روابط ہیں جو کسی صورت ختم نہیں ہو سکتے انہوں نے کہا کہ مہاجرین جموں و کشمیر کی 12مخصوص نشستوں کا خاتمہ کشمیری عوام کے مفاد میں نہیں ہوگاانہوں نے امید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ ماحول میں منعقد ہوں گے تاکہ عوام اپنی آزادانہ رائے سے اپنے نمائندوں کا انتخاب کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کی صورت میں وہ حلقہ کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے اور مہاجرین کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments