مون سون سے نمٹنے کیلئے واسا سیالکوٹ کے جامع انتظامات مکمل

 مون سون سے نمٹنے کیلئے واسا سیالکوٹ کے جامع انتظامات مکمل

نالہ بھیڈھ کی ڈی سلٹنگ، سیوریج لائنوں کی صفائی اور ریلیف کیمپس فعال

 سیالکوٹ (نمائندہ دنیا) مون سون سیزن کے دوران اربن فلڈنگ کے خدشات سے نمٹنے اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے واسا سیالکوٹ نے قبل از مون سون اور دورانِ مون سون جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔واسا حکام کے مطابق شہر کے اہم برساتی نالے ، نالہ بھیڈھ، کے 10.25 کلومیٹر حصے کی ڈی سلٹنگ مکمل کر لی گئی ہے ، جبکہ میگ ٹاؤن کے مقام پر مزید 1.2 کلومیٹر حصے پر کام جاری ہے ۔ اس دوران اب تک 8,400 ٹن سلٹ نکالی جا چکی ہے ۔ علاوہ ازیں 60 کلومیٹر سے زائد سیوریج لائنوں کی صفائی مکمل کی جا چکی ہے ، جبکہ یہ آپریشن مون سون کے دوران بھی جاری رہے گا۔شہریوں کے تحفظ اور نکاسیٔ آب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے شہر بھر میں 5,200 مین ہول کور نصب کیے گئے ہیں۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈی سی روڈ، پیرس روڈ، شہاب پورہ روڈ، رنگپورہ روڈ اور ڈیفینس روڈ پر پانچ مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہریوں کو ضروری سہولیات اور پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے ۔ ان کی مسلسل نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے ۔واسا نے شہر کے ڈسپوزل اسٹیشنز کی بحالی کے بعد نکاسیٔ آب کی استعداد 55 کیوسک سے بڑھا کر 155 کیوسک کر دی ہے ، جبکہ 180 کیوسک صلاحیت کے حامل پی آئی سی آئی آئی پی ڈسپوزل اسٹیشن کی نگرانی بھی واسا کے سپرد ہے ، جس سے مون سون کے دوران نکاسیٔ آب کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے میں مدد ملے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...