ٹیکس بار کا مرحوم محمد تقی اور شیخ نثار احمد کی یاد میں تعزیتی ریفرنس
دیانت اور پیشہ ورانہ وقار مرحومین کا نمایاں سرمایہ تھا:مقررین کاخراج عقیدت
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) گوجرانوالہ ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مرحوم چوہدری محمد تقی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ اور مرحوم شیخ نثار احمد ایڈووکیٹ ہائی کورٹ کی یاد میں ایک پُروقار تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔ تقریب میں وکلا برادری، مرحومین کے اہل خانہ، معزز مہمانوں، محکمہ ان لینڈ ریونیو کے سینئر افسران اور ٹیکس پروفیشن سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تعزیتی ریفرنس کا مقصد مرحومین کی دیانت دارانہ اور قابلِ قدر پیشہ ورانہ خدمات، اعلیٰ اخلاق، بار کے لیے ان کے بے لوث کردار اور ٹیکس قوانین کے فروغ میں ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کرنا تھا۔تقریب سے پیٹرن گوجرانوالہ ٹیکس بار ایسوسی ایشن میاں عبدالغفار ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، نائب صدر پاکستان ٹیکس بار شیخ محمد ثاقب ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، صدر ٹیکس بار سید حسن عسکری ایڈووکیٹ، چوہدری ایاز (فرزند مرحوم چوہدری محمد تقی) اور شیخ راشد نثار ایڈووکیٹ (فرزند مرحوم شیخ نثار احمد) نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ مرحومین نے اپنی پوری عملی زندگی دیانت، اخلاص، شرافت اور پیشہ ورانہ وقار کے ساتھ گزاری اور نوجوان وکلا کی رہنمائی، بار کے استحکام اور ٹیکس قوانین کی بالادستی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔تقریب کے اختتام پر چیف کمشنر فیڈرل بورڈ آف ریونیو خالد جمیل نے مرحومین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ کردار اور وکلا برادری کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے باکردار اور باصلاحیت افراد کسی بھی ادارے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے مرحومین کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔اس موقع پر گوجرانوالہ ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اپنے بزرگ ساتھیوں کی خدمات، کردار اور پیشہ ورانہ روایات کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments