کوٹ اسحاق گلہ : ٹرانسفارمر جلنے سے 40گھنٹے سے بجلی بند
شہری پریشان، ٹرانسفارمر تبدیل اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) گیپکو سب ڈویژن لدھیوالہ وڑائچ کے علاقے کوٹ اسحاق گلہ فروٹ میں بجلی کا ٹرانسفارمر صرف 10گھنٹوں کے دوران دو مرتبہ جل گیا، جس کے باعث گزشتہ 40 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہے ۔ شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش سے علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔شہریوں کے مطابق بجلی نہ ہونے کے باعث گھروں میں پانی کی موٹریں بھی بند پڑی ہیں، جس سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمر جلنے کے فوراً بعد گیپکو حکام کو متعدد بار اطلاع دی گئی، تاہم ایکسین زاہد سومرو اور ایس ڈی او بلاول وڑائچ سے رابطہ نہ ہو سکا اور شکایات کے ازالے کے لیے بھی کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل 40 گھنٹے سے بجلی کی بندش کے باعث کاروبارِ زندگی مفلوج ہو چکا ہے ۔ شدید گرمی میں بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ پانی کی عدم دستیابی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے ۔شہریوں نے چیف ایگزیکٹو گیپکو سے مطالبہ کیا ہے کہ جلا ہوا ٹرانسفارمر ہنگامی بنیادوں پر تبدیل کر کے بجلی کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے اور غفلت کے مرتکب متعلقہ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ شہریوں کو ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments