اسلام نے عورت کو مکمل حقوق دیئے ہیں :اجمل رضا قادری
نیک بیوی بہترین متاع اور گھریلو سکون کا ذریعہ :مرکز اصلاحِ معاشرہ میں خطاب
راہوالی (نمائندہ دنیا) علامہ پیر محمد اجمل رضا قادری نے مرکز اصلاحِ معاشرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے عورت کو بلند وقار، عزت اور مقام سے نوازا ہے اور دینِ اسلام میں عورت کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے ۔ قرآن کریم کے مطابق عورت مرد کا اور مرد عورت کا لباس ہے ، جبکہ لباس انسان کی زینت ہونے کے ساتھ اس کے عیوب بھی چھپاتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی کے ذریعے انسان صرف ایک عورت کو اپنے گھر نہیں لاتا بلکہ ذہنی سکون اور قلبی اطمینان بھی حاصل کرتا ہے ۔ اگر نیک اور صالح خاتونِ خانہ نہ ملے تو گھریلو سکون متاثر ہو جاتا ہے ۔ دنیا ایک عارضی متاع ہے ، مگر اس کی بہترین متاع نیک بیوی ہے ، بعض خواتین اپنے حقوق کے حصول کے لیے مختلف نعرے لگاتی ہیں، حالانکہ عورت کے حقوق، عزت اور احترام کا جو جامع تصور اسلام نے پیش کیا ہے ، اس کی مثال دنیا کے کسی دوسرے نظام میں نہیں ملتی۔انہوں نے مزید کہا کہ میاں بیوی کا تعلق محبت، پاکیزگی اور تقدس پر مبنی ہے ۔ سیرتِ نبویؐ میں رسول اکرم ﷺ نے جس انداز سے ازواجِ مطہرات کے حقوق ادا کیے ، وہ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے ۔ اگر گھروں میں سیرتِ نبویؐ کو اپنایا جائے تو محبت، رحمت اور سکون کی فضا قائم ہو سکتی ہے ۔ اسلام نے عورت کو جاہلیت اور پسماندگی کی تاریکیوں سے نکال کر باعزت مقام عطا کیا۔ اسلام میں مرد اور عورت دونوں بحیثیت انسان برابر ہیں، جبکہ عورت کے حقوق و فرائض کا تعین اس کی فطری صلاحیتوں کے مطابق کیا گیا ہے ۔ نکاح میں عورت کی رضامندی کو بنیادی اور لازمی شرط قرار دیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments