آزاد کشمیر انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی:چودھری اختر
بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوامی خدمت کا مشن جاری رہے گا، پیپلز پارٹی رہنما ایل اے 35جموں 2میں آصف گجر موترہ کی کامیابی کیلئے مہم چلانے کا اعلان
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے نائب صدر چودھری اختر علی نے کہا ہے کہ قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ادھورے مشن کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح گلگت بلتستان کے انتخابات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی نے کامیابی حاصل کی، اسی طرح آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کامیابی کے بعد آزاد کشمیر کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی اور وفاق سے ترقیاتی فنڈز حاصل کرکے انہیں عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض علاقوں کو آزاد کشمیر کا حصہ ظاہر نہ کرنے کے پس منظر میں موجود مقاصد کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بے نقاب کر چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی گوجرانوالہ سٹی کے صدر میاں ودود حسن ڈار، جنرل سیکرٹری خالد حسین باجوہ، تحصیل صدر ذوالفقار چیمہ، سٹی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر عمران رحمانی، سپورٹس ونگ کے صدر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔میاں ودود حسن ڈار اور خالد حسین باجوہ نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل اے 35 جموں 2 سے پارٹی کے امیدوار چودھری آصف گجر موترہ کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ ووٹ ڈالنے کے بعد بھی پولنگ کے عمل پر نظر رکھیں اور انتخابی عمل میں کسی قسم کی مداخلت برداشت نہ کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments