شہریوں کے کاموں میں تاخیر برداشت نہیں ہوگی:ڈپٹی کمشنر
ریونیو امور سے متعلق اہم جائزہ اجلاس ، اہداف کا ہفتہ وار جائزہ لینے کا فیصلہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کی زیرِ صدارت ریونیو امور سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلع بھر کے ریونیو افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ریونیو اہداف، اراضی ریکارڈ مراکز کی کارکردگی اور زیرِ التوا ریونیو مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اراضی ریکارڈ مراکز پر شہریوں کے جائز کاموں میں کسی قسم کی تاخیر یا رکاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو بروقت، شفاف اور معیاری خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے تمام ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے مقررہ ریونیو اہداف مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں، جبکہ زیرِ التوا مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کے لیے واضح ٹائم فریم مرتب کر کے اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے مزید ہدایت کی کہ ریونیو اہداف اور کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کے لیے ہر ہفتے اجلاس منعقد کیا جائے تاکہ پیش رفت کا مؤثر انداز میں جائزہ لے کر درپیش مسائل کا بروقت حل یقینی بنایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments