علی پورچٹھہ:غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ ، شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں
بوسیدہ نظام کو اپ گریڈ کرکے خراب آلات فوری تبدیل کئے جائیں :شہریوں کامطالبہ
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر) علی پورچٹھہ میں شدید گرمی اور حبس کے دوران غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ دن اور رات بجلی کی بار بار بندش سے معمولاتِ زندگی، کاروباری سرگرمیاں اور گھریلو نظام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں کئی ٹرانسفارمر جل چکے ہیں، جنہیں بروقت تبدیل یا مرمت نہیں کیا جا رہا، جس کے باعث متعدد علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہتے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ شکایات کے باوجود فوری ازالہ نہیں کیا جاتا، جبکہ شدید گرمی میں خواتین، بچے ، بزرگ اور بیمار افراد سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔شہریوں نے بتایا کہ بار بار بجلی کی بندش اور کم وولٹیج کے باعث اے سی، فریج، ٹی وی، لیپ ٹاپ، پنکھے ، موٹرز اور دیگر برقی آلات خراب ہونے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں، جس سے انہیں لاکھوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔تاجروں کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں جبکہ طلبہ بھی بجلی کی مسلسل بندش کے باعث اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مشکلات محسوس کر رہے ہیں۔شہریوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ حکام مستقل بنیادوں پر نظام کی بہتری کے بجائے عارضی مرمت پر اکتفا کر رہے ہیں، جس کے باعث مسائل بار بار جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹرانسفارمرز کی استعداد بڑھائی جائے ، بوسیدہ نظام کو اپ گریڈ کیا جائے ، خراب آلات فوری تبدیل کیے جائیں اور کم وولٹیج و اوورلوڈنگ کا مستقل حل نکالا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments