آر پی او کی زیر صدارت کمانڈ کانفرنس، جرائم میں کمی اور سیکیورٹی کا جائزہ ، زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدار آمدکی ہدایت
جون میں ریجن پولیس نے 597خواتین کو بحفاظت بازیاب کروایا،اجلاس میں بریفنگ،نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسروں میں تعریفی اسناد تقسیم،ریجنل پولیس آفس میں نو تعمیر شدہ کاپس کیفے کا افتتاح بھی کیا
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر) آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ کی زیر صدارت ریجنل پولیس آفس میں پانچویں ریجنل کمانڈ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر غیاث گل خان، ڈی پی اوز گجرات، نارووال، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں امن و امان، جرائم کی روک تھام، عوامی خدمت، احتساب، چہلم حضرت امام حسینؓ کے سکیورٹی انتظامات، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سکیورٹی پلان اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سال 2025 کے آخری چھ ماہ کے مقابلے میں سال 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران ریجن میں جرائم، خصوصاً جرائم برخلاف مال میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ڈکیتی کے مقدمات کی تعداد 4 ہزار 348 سے کم ہو کر ایک ہزار 842 رہ گئی، یعنی 2 ہزار 506 مقدمات کی کمی ہوئی، جو پنجاب کی دیگر 9 رینجز کی مجموعی کمی سے بھی زیادہ ہے ۔ جون 2026 کے دوران گوجرانوالہ ریجن پولیس نے 597خواتین کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ آر پی او نے شہریوں کو فوری، شفاف اور باوقار پولیس سروس کی فراہمی یقینی بنانے ، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں آر پی او نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور ریجنل پولیس آفس میں نو تعمیر شدہ کاپس کیفے کا افتتاح بھی کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments