رسول اکرم ؐ نے امن ،انسانی اقدار کو فروغ دیا :پیربر ہان
اسوئہ حسنہ صرف بیان کرنے کی چیز نہیں عملی زندگی میں بھی اپنا نا چاہیے
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ کے محلہ پیپلز کالونی میں انجمن لبیک یا حسین کے زیر اہتمام محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں علما کرام، نعت خواں حضرات اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔ محفل سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ پیر برہان حیدر شاہ نقوی نے کہا کہ رسول رحمت ؐنے اسلامی تعلیمات و روایات کو معاشرے میں عام فرمایا اور اپنے اسوہ و کردار کے ذریعے امن، محبت، بھائی چارے اور انسانی اقدار کو فروغ دیا۔رسول اکرم ؐنے اپنے کردار و عمل سے اہل مکہ کو اپنی صداقت و امانت کا قائل کیا اور آپ ؐکی ذات اقدس معاشرے کے ہر کمزور اور بے سہارا فرد کیلئے رحمت و شفقت کا عملی نمونہ ہے ۔ آپ ؐ نے یتیموں کے سروں پر دست شفقت رکھا، بے سہارا افراد کا سہارا بنے اور انسانوں کے درمیان محبت، مساوات اور ہمدردی کا درس دیا ۔ صاحبزادہ پیر برہان حیدر شاہ نقوی نے کہا کہ اسوئہ حسنہ صرف بیان کرنے کی چیز نہیں بلکہ اپنی عملی زندگی میں اپنانے کا نام ہے ۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے اردگرد موجود مستحق، غریب، یتیم اور بے سہارا افراد کا سہارا بنیں اور معاشرے میں محبت و اخوت کی فضا قائم کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔اس موقع پر بلال مجددی سمیت دیگر نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت ؐ میں نذرانئہ عقیدت پیش کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments