چیمبر الیکشن :امیدواروں کو الزام تراشی بند کرنے کی ہدایت
تمام گروپس انتخابی ماحول کو پرامن اور باوقار بنانے میں کردار ادا کریں :الیکشن کمیشن
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن نے ماحول میں بڑھتی ہوئی سختی، الزامات تراشی اور سوشل میڈیا پر غیر منظور شدہ و جعلی بیلٹ پیپرز کی گردش کا نوٹس لیتے ہوئے تمام گروپس، امیدوار وں اور ممبران کیلئے ہدایت نامہ جاری کر دیا ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام مدمقابل گروپس کی قیادت فوری طور پر سخت تقاریر اور بلا جواز الزام تراشی کا سلسلہ بند کرے اور انتخابی ماحول کو پرامن، شائستہ اور باوقار بنانے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرے ۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ ابھی تک ادارے کی جانب سے کوئی بھی حتمی یا آفیشل بیلٹ پیپر منظور یا شائع نہیں کیا گیا، لہٰذا سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے تمام تر ڈرافٹس مکمل طور پر فرضی، غیر قانونی اور من گھڑت ہیں۔ الیکشن کمیشن نے تمام ممبران اور تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ خبروں، جعلی بیلٹ پیپرز اور سوشل میڈیا افواہوں پر بالکل کان نہ دھریں اور نہ ہی ان کی آگے تشہیر کریں۔ الیکشن کمیشن نے امید ظاہر کی کہ تمام گروپس ادارے کے تقدس اور تاجر برادری کے اتحاد کو مقدم رکھتے ہوئے ان ہدایات پر فوری عمل درآمد یقینی بنائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments