انسانی سمگلنگ، ویزا فراڈ میں ملوث 21افراد گرفتار
ایف آئی اے کی گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ سرکلز میں ٹارگٹڈ کارروائیاں
گوجرانوالہ ،سیالکوٹ(نیوز رپورٹر، نمائندہ دنیا) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ، ویزا فراڈ اور جعلسازی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5روز کے دوران 21ملزموں کو گرفتار کر لیا ۔ گرفتار افراد میں 5 اشتہاری اور لیبیا سے ڈی پورٹ ہونے والا ملزم بھی شامل ہے ۔ترجمان کے مطابق 22سے 26ستمبر کے دوران گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ سرکلز میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئیں۔ گوجرانوالہ سرکل سے 11، گجرات سرکل سے 8 اور سیالکوٹ سرکل سے 2 ملزموں کو حراست میں لیا گیا۔ ملزموں میں ذیشان عرف شانی، وحید، صابر حسین، شیر شاہ، ثاقب منیر، علی حسنین، سید یاسر عباس، ناصر، بابر پرویز، بلال اسلم، محمد آصف، کاشف نصیر، محمد سعید، محمد ریاض، وسیم اعجاز، علی حسن، محمد طاہر، رمیض علی، توقیر حسین، مقبول حسین اور ندیم اختر شامل ہیں۔تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزموں نے شہریوں کو اٹلی، عراق، یونان، سعودی عرب، سپین، جرمنی، قطر، ترکی، کینیڈا اور کمبوڈیا سمیت دیگر ممالک میں ملازمتی ویزوں اور روشن مستقبل کے جھانسے دے کر 1کروڑ 29لاکھ 90ہزار روپے اور ایک مقدمے میں 4300ریال بٹورے ۔ رقم ہتھیا نے کے بعد شہریوں کو بیرون ملک بھیجا گیا اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔ایک اور کارروائی میں لیبیا سے ڈی پورٹ ہو کر واپس آنے والے رمیض علی کو گرفتار کیا گیا۔ تفتیش پر معلوم ہوا کہ اسے 3 ایجنٹوں عظمت علی، وقار آصف اور شفیق باجوہ نے اٹلی کے نام پر بھاری رقوم لے کر لیبیا بھیجا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments