قتل کے 3واقعات‘حافظ آباد پولیس نے تمام ملزم پکڑلئے
متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنا حافظ آباد پولیس کی اولین ترجیح :ڈی پی او
حافظ آباد (نمائندہ دنیا) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فواد احمد نے پریس کانفرنس کے دوران قتل کے تین مختلف واقعات میں پولیس کارروائیوں اور اہم پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چند روز کے دوران پیش آنے والے تینوں واقعات میں ملوث تمام ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پہلا واقعہ تھانہ صدر حافظ آباد کے علاقے پیراں دا کوٹ میں پیش آیا، جہاں گھریلو ناچاقی پر اپنی اہلیہ کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے ملزم علی رضا کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ پولیس نے مفرور ملزم کو ضلع نارووال کے علاقے چک خلیل میں کارروائی کرکے گرفتار کیا۔ دوسرے واقعے میں تھانہ ونیکے تارڑ کے علاقے غازی چک میں دو کنال اراضی کے تنازع پر اپنے بڑے بھائی قاسم کو قتل کرنے کے ملزم احسن علی کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کر لیا گیا۔تیسرے واقعے میں تھانہ ونیکے تارڑ کی حدود کوٹ چھینہ میں دوہرے قتل کے مقدمے میں ملوث تین ملزموں قاسم، آصف اور کلثوم بی بی کو گرفتار کیا گیا۔ ڈی پی او فواد احمد نے کہا کہ قتل کے مقدمات کی تفتیش میرٹ اور دستیاب شواہد کی روشنی میں کی جا رہی ہے ۔ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانا اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنا حافظ آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا اور تمام مقدمات میں قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments