بھینسوں کے باڑے شہر سے باہر منتقل نہ ہوسکے : سیوریج اور ٹریفک مسائل بڑھ گئے
سڑکوں پر بھینسوں کی آزادانہ نقل و حرکت سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ، باڑوں کے اطراف گندگی کے بھی ڈھیر ،منتقلی کے فیصلے پرعملدرآمدکیاجائے :شہری
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) گوجرانوالہ میں بھینسوں کے باڑے شہر سے باہر منتقل نہ ہو سکے ، جس کے باعث مختلف سڑکوں اور چوراہوں پر بھینسیں گھومتی نظر آتی ہیں۔ بھینسوں کے گوبر سے سیوریج لائنیں بند ہونے کے باعث گٹروں کا پانی گلیوں میں جمع ہو جاتا ہے ، جبکہ سڑکوں پر بھینسوں کی آزادانہ نقل و حرکت سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے اور حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہر کی شاہراہوں اور مارکیٹوں کو خوبصورت بنانے اور سڑکوں کو کشادہ کرنے کا کام جاری ہے۔ اسی مہم کے تحت ایک سال قبل کمشنر گوجرانوالہ کی ہدایت پر شہری حدود میں قائم بھینسوں کے باڑے ختم کرکے شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے متعدد بار ڈیڈ لائن دی گئی، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔
وحدت کالونی، تالاب دیوی والا، پونڈا والا چوک، فیروز والا روڈ، نوشہرہ روڈ، حافظ آباد روڈ، جناح روڈ اور پیپلز کالونی سمیت متعدد علاقوں کی گلیوں اور محلوں میں بھینسوں کے باڑے قائم ہیں۔ بعض افراد نے بھینسیں گلیوں میں بھی باندھ رکھی ہیں۔ ان کے گوبر اور دیگر فضلے سے سیوریج لائنوں کی بندش معمول بنتی جا رہی ہے ، جبکہ باڑوں کے اطراف گندگی کے ڈھیر بھی لگ جاتے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے ، نکاسی آب کے مسائل حل کرنے اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے بھینسوں کے باڑے شہر سے باہر منتقل کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments