علی پورچٹھہ:بنیادی عوامی مسائل نظر انداز ،شہری سراپا احتجاج

علی پورچٹھہ:بنیادی عوامی مسائل نظر انداز ،شہری سراپا احتجاج

بلدیہ اہلکاروں کی توجہ ریڑھی بانوں تک محدود ،قبضوں اور مہنگائی پر اظہار تشویش

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )بلدیہ اہلکاروں کی ساری توجہ ریڑھی بانوں تک محدود ،شہر کے بنیادی مسائل نظرانداز ہونے لگے ، عوامی حلقے سراپا احتجاج بن گئے ، بلدیہ کی اراضی پر مبینہ قبضوں اور مہنگائی و سرکاری نرخوں پر عملدرآمد جیسے اہم معاملات پر عدم توجہی نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ۔ علی پورچٹھہ میں حال ہی میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عدنان اشرف تعینات ہوئے ہیں جبکہ میونسپل آفیسر ریگولیشن اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس کے باوجود شہریوں کے مطابق شہر کا نکاسی آب کا نظام بری طرح متاثر ہے ، شہر کے وسط سے گزرنے والا سیم نالہ صفائی نہ ہونے کے باعث مکھی مچھروں کی افزائش کا سبب بن رہا ہے جبکہ میونسپل کمیٹی کی ملکیتی اراضی پر مبینہ طور پر مکانات کی تعمیر سے سرکاری زمین کا وجود بھی متاثر ہو رہا ہے ۔

دوسری جانب تاجروں کی جانب سے اشیائے خورونوش کی من مانے نرخوں پر فروخت اور ایل پی جی کی قیمتوں پر سرکاری نرخوں کے مطابق عملدرآمد نہ ہونے کی شکایات بھی برقرار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سنگین مسائل کے حل کے بجائے بلدیہ اہلکاروں کی زیادہ تر توجہ ریڑھی بانوں کے خلاف کارروائیوں اور ان کی ویڈیوز و تصاویر بنانے تک محدود دکھائی دیتی ہے ۔عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بلدیہ میں افسروں اور عملے کی اتنی بڑی تعداد موجود ہے تو شہریوں کو ریلیف کیوں نہیں مل رہا، اعلیٰ حکام بلدیہ کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور بنیادی مسائل حل کرائے جائیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...