خیابان اقبال پارک میں گوشہ اقبال کی تعمیر کا آغاز
آرٹ گیلری، لائبریری، ادبی بیٹھک اور اوپن ایئر تھیٹر شامل ہونگے
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشا اﷲ بٹ نے خیابان اقبال پارک سیالکوٹ میں گوشہ اقبال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ محمد علی، ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق اور رکن صوبائی اسمبلی فیصل اکرام بھی موجود تھے ۔گوشہ اقبال کا قیام شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے تناظر میں ان کی فکر، فلسفے اور پیغام کو نئی نسل سمیت عوام کے وسیع حلقوں تک پہنچانے کی ایک اہم کاوش ہے ،یہ منصوبہ سیالکوٹ کی تاریخی، ادبی اور ثقافتی شناخت کو مزید اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ شہر میں علمی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ کا نیا باب رقم کرے گا۔ منشا اﷲ بٹ نے کہا کہ گوشہ اقبال محض ایک عمارت یا یادگاری مقام نہیں بلکہ ایک فعال علمی، ادبی اور ثقافتی مرکز ہوگا جہاں شہریوں، طلبہ، نوجوانوں، اہل قلم اور ادب سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو باہمی رابطے ، مکالمے اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع میسر آئیں گے ۔ گوشہ اقبال میں آرٹ گیلری، لائبریری، ادبی بیٹھک اور اوپن ایئر تھیٹر سمیت مختلف علمی و ثقافتی سہولیات شامل ہوں گی۔ آرٹ گیلری فنون لطیفہ اور تخلیقی اظہار کے فروغ کا ذریعہ بنے گی، لائبریری مطالعے اور تحقیق کے رجحان کو تقویت دے گی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments