ڈپٹی کمشنر کا کڈنی سنٹر گجرات کا دورہ، ستمبر میں 3325 ڈائیلسز

ڈپٹی کمشنر کا کڈنی سنٹر گجرات کا دورہ، ستمبر میں 3325 ڈائیلسز

مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کا تسلسل برقرار رکھا جائے :خرم شہزادویمن چیمبر آف کامرس بھی گئے ، خواتین کوبااختیار بنانے کے امور پر تبادلہ خیال

گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر گجرات خرم شہزاد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ خیزران علی اور دیگر متعلقہ افسروں کے ہمراہ کڈنی سنٹر گجرات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے دستیاب طبی سہولیات، ڈائیلاسز کے انتظامات، ادویات اور لیبارٹری کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ حکام کی جانب سے سنٹر کی اکتوبر کی کارکردگی اور مالیاتی رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس کے مطابق ماہ اکتوبر کے دوران مجموعی آمدن ایک کروڑ 70 لاکھ 35 ہزار 360 روپے جبکہ اخراجات ایک کروڑ 67 لاکھ 67 ہزار 294 روپے رہے ۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر 2026 کے دوران مجموعی طور پر 3325 ڈائیلسزکیے گئے ، جن میں سے 3287 مفت جبکہ 38 مکمل ادائیگی کی بنیاد پر کیے گئے ۔ سنٹر میں 2016 سے اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 59 ہزار 281 ڈائیلاسز کیے جا چکے ہیں،ڈپٹی کمشنر خرم شہزاد نے طبی سہولیات اور مریضوں کی دیکھ بھال کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کا تسلسل برقرار رکھا جائے ، علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر خرم شہزاد نے اے ڈی سی انفورسمنٹ خیزران علی کے ہمراہ گجرات ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیمبر کی صدر سائمہ سرفراز، گروپ لیڈر حاجی ناصر محمود اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر خواتین کے لیے محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی، معاشی سرگرمیوں میں ان کی شرکت اور انہیں بااختیار بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...