اسلام آباد میں بلدیاتی اداروں کی بجائے وفاقی کونسل کی تجویز مسترد
وفاقی کونسل کا شوشہ عوام کو آئینی ، جمہوری حق سے محروم کرنے کی کوشش ، نصراللہ رندھاوا
اسلام آباد(آن لائن) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے اسلام آباد میں بلدیاتی اداروں کی بجائے وفاقی کونسل کی تجویز کو مسترد کردیا ہے امیر جماعت اسلامی کہتے ہیں کہ اسلام آباد کو بااختیار بلدیاتی نظام دیا جائے انہوں نے کہا کہ وفاقی کونسل کا شوشہ دارالحکومت کے عوام کو ان کے آئینی اور جمہوری حق سے محروم کرنے کی کوشش ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہری کسی نام نہاد یا نمائشی نظام کو قبول نہیں کریں گے ۔ دارالحکومت کو ایک مضبوط، خودمختار اور بااختیار بلدیاتی نظام درکار ہے جس میں منتخب میئر اور عوامی نمائندے حقیقی اختیارات کے حامل ہوں۔حکومت فوری طور پر وفاقی کونسل کی تجویز واپس لے ۔عوامی حقوق پر شب خون مارنے کی کوشش کی گئی تو اس کے خلاف جمہوری اور آئینی جدوجہد کی جائے گی۔