کھیل نوجوانوں کی کردار سازی کا موثرذریعہ ، گورنر
میدان آباد ہوں گے تو نوجوان منفی رجحانات سے دور رہیں گے ،کامران ٹیسوری
کراچی(نیوز ایجنسیاں)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت، پیشہ ورانہ کوچنگ اور اسپورٹس انفرااسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سمت دینے کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط اور کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم معین خان سے گورنر ہاؤ س میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں سندھ میں کرکٹ کے فروغ، کرکٹ اکیڈمیز کے قیام اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز کے آغاز سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں اور گراس روٹ لیول پر کرکٹ سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے ۔ کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو نوجوان منفی رجحانات سے دور رہیں گے ۔ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صوبے بھر میں کرکٹ کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔علاوہ ازیں گورنر سندھ نے فائٹر پائلٹ مریم مختار کے دسویں یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔