مقامی مصنوعات کے فروغ کے حوالے سے آگاہی سیمینار

 مقامی مصنوعات کے فروغ کے حوالے سے آگاہی سیمینار

صوبائی وزیر کی موجودگی میں مقامی مصنوعات کے فروغ کیلئے سود مند تجاویزپیش

لاہور(خبر نگار )کری ایٹو گروپ آف انڈسٹریز کے زیر اہتمام سکائی پاور فیکٹری میں مقامی مصنوعات کے فروغ کے حوالے سے آگاہی سیمینار ہوا۔مہمان خصوصی صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین ،چیئرمین انجینئرنگ کونسل،چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ، چیئرمین پیڈمک ،چیئرمین کری ایٹو گروپ انجینئر میاں سلطان محمود کے علاوہ صنعتکاروں کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔ مقامی مصنوعات کے فروغ کیلئے سود مند تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔انڈسٹری،اکیڈمیا اور حکومت کے مابین مضبوط رابطوں ،صنعتکاری عمل کو تیز کرنے کیلئے کاروبار میں مزید آسانیاں پیدا کرنے اور افسر شاہی کی رکاوٹوں کو دور کرنے پر زور دیاگیا۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے گئے ہیں۔بزنس سہولت مراکز میں ہرقسم کی کاروباری سرگرمیوں کیلئے 30 دن میں این او سی جاری ہورہے ہیں۔سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کوخصوصی مراعات حاصل ہیں۔ مقامی مصنوعات کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے ، پاکستان معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے ،زمین میں چھپے خزانوں کو بروئے کار لا کر ملک کو قرضوں سے نجات مل سکتی ہے ۔ نئی صنعتی پالیسی لائی جارہی ہے جسکے تحت انڈسٹریل سٹیٹس میں صنعتی یونٹ لگانے کیلئے زمین لیز پر بھی حاصل کی سکے گی۔ قائد آباد میں سالٹ رینج کے قریب نئی انڈسٹریل سٹیٹ بنائی جارہی ہے جہاں پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کے کارخانوں سمیت چپ مینوفیکچرنگ کے کارخانے بھی لگیں گے ۔پاکستان میں پہلی بارمعروف موبائل فون کی مینوفیکچرنگ بھی جلد شروع ہونے جارہی ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں