پنڈی بھٹیاں:اندرون شہر گلیاں بازار کچرا کنڈی میں تبدیل،سیوریج کا پانی جمع
صفائی کمپنی کے سینٹری ورکرز کی توجہ شہر کی سڑکوں پر مرکوز ،گلیاں اور بازار نظر انداز ، کوڑے کے ڈھیروں سے بدبو پھیلنے لگی ، سانس لینا دشوار ،نالیوں کی صفائی نہ ہونے سے پانی راستوں پر پھیل گیا
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )اندرون شہر صفائی کی ابتر صورتحال جبکہ سڑکیں صاف ،پنڈی بھٹیاں میں صفائی کرنے والی کمپنی اور واسا نے دوہر ا معیار اپنا لیا،سڑکوں پر تو دن بھر صفائی کرتے سینٹری ورکرز نظر آتے ہیں جبکہ گلیوں محلوں اور بازاروں میں کئی کئی روز تک نہیں جاتے جس سے گلیاں اور بازار فلتھ ڈپو کا منظر پیش کر رہے ہیں جگہ جگہ پڑے کوڑے کے ڈھیروں سے تعفن اٹھ رہا ہے جس سے سانس لینا بھی دشوار ہے جبکہ نالیوں کی صفائی نہ ہونے سے گندا پانی گلیوں اور بازاروں میں بہہ رہا ہے جس سے شہریوں کا گزرنا محال ہے ۔ گندے پانی میں مچھروں اور مکھیوں کی بھرپور افزائش ہو رہی ہے ، اس صورتحال سے شہری مہلک امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ شہریوں کو صفائی جیسی بنیادی سہولت کی فراہمی پر ارباب اختیار کوئی توجہ نہیں دے رہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقہ کے منتخب نمائندے میونسپل کمیٹی اور انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں ،وزیر اعلیٰ پنجاب ستھرا پنجاب کی شہر کے اندرونی علاقوں میں کوئی جھلک بھی نظر نہیں آتی۔