سید علی خامنہ ای کی شہادت کیخلاف ڈسکہ میں احتجاجی ریلی
مقررین کی جانب سے شہادت کی مذمت ،امت مسلمہ کیلئے عظیم سانحہ قرار دیا
ڈسکہ (نمائندہ دنیا )قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پر شیعہ علما کونسل پاکستان کے زیراہتمام رہبرِ معظم سید علی خامنہ ای کی شہادت کے خلاف ڈسکہ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی میں انجمن امامیہ، امام بارگاہ حسینیہ، امام بارگاہ در امام حسین ، امام بارگاہ زینبیہ ودیگر تنظیموں کے علما کرام، مشائخ عظام، مختلف مکاتب فکر کے خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نمازِ مغربین کے فوراً بعد جامع مسجد علیؓ ڈسکہ کلاں سے ریلی کا آغاز ہوا جو نسبت روڈ، پسرور روڈ چوک سے ہوتی ہوئی جامع مسجد و مرکزی امام بارگاہ درِ امام حسینؓ چوک پسرور روڈ ڈسکہ سٹی پہنچی جہاں دیگر جلوس بھی شامل ہوگئے ۔ بعد ازاں ریلی میلاد چوک اور پرانی کچہری چوک پہنچی جہاں شہیداں والے گلہ سے آنے والی ریلی بھی اس میں شامل ہوگئی ،شرکا اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ کے دفتر کے سامنے پُرامن احتجاج کرتے ہوئے پہنچے ریلی سے مولانا غلام حر معصومی، مولانا سید رضا عباس، نائب صدر شیعہ علماء کونسل ضلع سیالکوٹ مولانا اشبال صفدر نقوی، مولانا دبیر حسین علوی اور مرکزی نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان مولانا سید سبطین حیدر سبزواری نے خطاب کیا ۔مقررین نے رہبرِ معظم کی المناک شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے امت مسلمہ کیلئے عظیم سانحہ قرار دیا۔