امریکہ و اسرائیل کا ایران پر حملہ کھلی بربریت:کائرہ

امریکہ و اسرائیل کا ایران پر حملہ کھلی بربریت:کائرہ

ریاستی معاملات میں سیاست سے بالاتر ہو کر قومی اتحاد کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے

لالہ موسیٰ (نامہ نگار )رہنما پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ امریکہ کا اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر حملہ کھلی بربریت ہے ، ریاستی معاملات میں سیاست سے بالاتر ہو کر قومی اتحاد کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے ،وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے خطے کی صورتحال پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینے کا اقدام خوش آئند ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب مذاکرات کے ذریعے معاملات طے پانے لگے تو اسی دوران حملہ کرنا بدنیتی اور طاقت کے زعم کا مظہر ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خود امریکہ اور اسرائیل کے اندر بھی اس اقدام کی مخالفت کی جا رہی ہے ۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مسلم ممالک علم و ٹیکنالوجی میں پیچھے رہ جانے کا خمیازہ بھگت رہے ہیں اور مشرقِ وسطیٰ کا امن طاقت کے بل بوتے پر تباہ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران پر جارحیت کی مذمت کرتا ہے اور اگلی باری پاکستان کی باتیں کرنے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان ماضی میں اپنے سے آٹھ گنا بڑے ملک کو علم اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر شکست دے چکا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی اور مضبوط معیشت کے ذریعے کسی بھی دھمکی کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ، جبکہ چین اور روس کی مثالیں بھی دنیا کے سامنے ہیں۔ افغانستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نشانہ وہ عناصر ہیں جو ملک میں دہشت گردی چاہتے ہیں اور بدقسمتی سے ایسے گروہ افغان حکومت کا حصہ ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں