اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہی مسائل کا حل،وزیربلدیات
ڈپٹی میئر اور وائس چیئرمینوں کے اختیارات میں اضافہ کیا جارہا ہے ،ناصر شاہملک بھر میں سب سے بااختیار اور مضبوط بلدیاتی نظام سندھ میں ہے ،خطاب
کراچی (این این آئی) وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ڈپٹی میئر اور وائس چیئرمینوں کے اختیارات میں اضافہ کیا جارہا ہے تاکہ وہ بہتر انداز میں کام کرسکیں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہی عوامی مسائل کا حل ہے یہ بات انہوں نے سندھ لوکل گورنمنٹ کانفرنس 2025 سے مقامی ہوٹل میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں جو بھی تجاویز دی جائے گی اس پر عمل کیا جائے گا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت ہے کہ منتخب نمائندوں کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے اور قانون سازی بھی کی جائے قانون سازی کے لیے منتخب نمائندے اپنی تجاویز سے آگاہ کریں۔
تاکہ بہتر انداز میں قانون سازی کی جاسکے نئی قانون سازی کے ذریعے نئے بلدیاتی انتخابات جب ہونگے تب تک موجودہ منتخب نمائندہ ہی اختیارات کی منتقلی تک اپنے عہدوں پر رہیں گے ،اب ایڈمنسٹریٹر کا تقررنہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سب سے بااختیار اور مضبوط بلدیاتی نظام سندھ میں ہے بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق اختیارات کو نچلی سطح منتقل اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار بنانے کے لیے مزید قانون سازی کی جارہی ہے ، صدر لوکل کونسل ایسوسی ایشن پاکستان سید کمیل حیدر شاہ نے خطاب میں کہا کہ لوکل کونسل صوبائی حکومت اور بلدیاتی نمائندوں کے درمیان برج کا کردار ادا کررہی ہے ، سندھ میں 98 فیصد منتخب بلدیاتی چیئرمین کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے ۔