نجی سکول میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد
بلوچنی (نمائندہ دنیا )دارالاحسان پبلک سکول 77رب لوہکے میں شاندار سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا،
جس میں پوزیشن ہولڈر بچوں کو پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کے علاوہ ٹیلنٹ ایوارڈ بھی دیئے گئے ۔ تقریب میں والدین، طلبہ، سابقہ طلبہ اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید، نعت شریف اور ذکر الٰہی سے ہوا۔ بعد میں طلبہ نے تقریریں، ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے ، جسے حاضرین نے خوش دلی سے سراہا۔مہمان خصوصی محمد طاہر حمید فانی نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کے لیے تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے ، اور لڑکیوں کی تعلیم بھی اتنی ہی اہم ہے کیونکہ خواتین کی تعلیم کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔پرنسپل حاجی محمد مدثر حمید فانی نے بتایا کہ سکول کی بنیاد 1 مارچ 1999ء کو حاجی عبدالحمید فانی نے رکھی اور 27 سال سے درس و تدریس کا کام جاری ہے ۔ سکول کے طلبہ ڈاکٹرز، سائنسدان، انجینئرز، وکیل، پولیس آفیسر اور ٹیچرز بن کر ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں اور کئی نے اسکالرشپ بھی حاصل کی ہے ۔آخر میں مہمان خصوصی، پرنسپل اور معززین نے پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات اور ٹیلنٹ ایوارڈ تقسیم کیے ۔